بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس میں تین اہم گواہوں کی جانب سے خصوصی عدالت کے روبرو بیانات ریکارڈ کروائے جانے کے بعد یہ مقدمہ اب فیصلہ کُن مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
ان تین اہم گواہان میں عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر خارجہ سہیل محمود اور امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید شامل ہیں۔
ان تینوں کی جانب سے ریکارڈ کروائے گئے بیانات کو استغاثہ کی جانب سے اہمیت دی جا رہی ہے اور پراسیکوشن کا دعویٰ ہے کہ یہ بیانات اس کیس کے مرکزی ملزمان (عمران خان اور شاہ محمود قریشی) کو مجرم ثابت کرنے میں معاون ہوں گے جبکہ دوسری جانب ملزمان کے وکیل کا دعویٰ ہے کہ ان بیانات میں کچھ ایسا نہیں جو اُن کے موکلین کے خلاف جاتا ہو۔
سائفر کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے مطابق اس مقدمے میں پراسیکوشن کے 25 گواہان کے بیانات خصوصی عدالت میں ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ اس مقدمے میں مجموعی طور پر 28 گواہان تھے جن میں سے تین گواہوں کو عدالت میں پراسکیوشن کی جانب سے پیش ہی نہیں کیا گیا۔
No comments:
Post a Comment